اسرائیلی اسمبلی میں بل کے ذریعے غیر قانونی یہودی بستیوں سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیلی دائرہ اختیار میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے
ایسے اشتعال انگیز اور غیر قانونی اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو کمزور کر رہے ہیں‘پاکستان فلسطینیوں کیساتھ ہے:ترجمان
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے کے حصوں پر اسرائیل کی جانب سے قبضے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی قانون ساز اسمبلی میں پیش کیے گئے مجوزہ بل کے ذریعے غیر قانونی یہودی بستیوں سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیلی دائرہ اختیار میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور فلسطینی عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز اور غیر قانونی اقدامات خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو کمزور کر رہے ہیں۔پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اور موثر اقدام اٹھائے تاکہ اسرائیل کو ان غیر قانونی اقدامات سے روکا جا سکے اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پر قابو پایا جا سکے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقوق، بالخصوص حقِ خودارادیت کے تحفظ کیلئے علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا