فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل

فیلڈ مارشل عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل

اسلام آباد: فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں شامل کرلیا گیا، انہیں یہ اعزاز ملنے پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پاکستان اور ملائیشیا کی دیرینہ دوستی کا مظہر ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی فیصلہ کن قیادت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے قومی دفاع کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ یہ اعزاز صرف فیلڈ مارشل عاصم منیر ہی نہیں بلکہ مسلح افواج کے بہادر جوانوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کا بھی اعتراف ہے۔ مسلح افواج کی جرأت اور عوام کی غیر متزلزل حمایت پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواج پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے ہال آف فیم میں 21ویں رکن کی حیثیت سے شامل کیا جانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کا اعتراف ملکی وقار اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔