لاہور ہائیکورٹ نے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستیں نمٹا دیں

لاہور ہائیکورٹ نے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستیں نمٹا دیں

 لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹا دیں۔

 عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں خواتین کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے اور انہیں رہا کرکے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز عدالت میں پیش ہوئے اور بیان دیا کہ دونوں خواتین کی نظر بندی کے احکامات واپس لے لیے گئے ہیں۔دورانِ سماعت جسٹس عبہر گل خان نے ڈپٹی کمشنر سے استفسار کیا کہ کیا دونوں بہنیں رہا ہو کر اپنے گھروں کو جا چکی ہیں؟ اس پر ڈی سی لاہور نے عدالت کو بتایا کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھروں میں موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کا بیان ریکارڈ ہونے کے بعد وہ کمرہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ انہیں ڈپٹی کمشنر لاہور سے کچھ گزارشات کرنی ہیں، تاہم وہ کمرہ عدالت سے جا چکے تھے۔اس پر جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ ڈی سی لاہور شاید آپ سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے چلے گئے ہیں۔

 عدالت نے ڈپٹی کمشنر لاہور کے بیان کی روشنی میں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف دائر دونوں درخواستیں نمٹا دیں۔واضح رہے کہ عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ستمبر میں اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب پاکستان تحریک انصاف اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھی۔علیمہ خان کو 20 ستمبر جبکہ عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو 21 ستمبر کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر تینوں کی نظر بندی 30 روز کے لیے کی گئی تھی، جس میں 7 اکتوبر کو مزید 30 روز کی توسیع کردی گئی تھی۔بعد ازاں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 12 نومبر کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا تھا، جبکہ علیمہ خان تاحال جیل میں ہیں۔