آئی ایل ٹی 20 میں بابر اعظم کا یادگار ڈیبیو، 86 رنز کی اننگز سے ڈیزرٹ وائپرز کو پہلی فتح دلا دی

آئی ایل ٹی 20 میں بابر اعظم کا یادگار ڈیبیو، 86 رنز کی اننگز سے ڈیزرٹ وائپرز کو پہلی فتح دلا دی

شارجہ: پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) میں اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیزرٹ وائپرز کو شارجہ واریئرز کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔

 بابر اعظم نے 51 گیندوں پر 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں بابر اعظم نے ابتدا ہی سے پراعتماد انداز اپنایا اور شارجہ واریئرز کے بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اس شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔بابر اعظم نے اپنی نصف سنچری صرف 31 گیندوں پر مکمل کی۔ ان کے 13 چوکوں نے آئی ایل ٹی 20 کی تاریخ میں ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چوکے لگانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ علیشان شرفو کے پاس تھا، جنہوں نے 2024 میں ایک اننگز کے دوران 11 چوکے لگائے تھے۔پاکستانی بیٹر نے جارڈن کلارک کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 82 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے ڈیزرٹ وائپرز کو ہدف کے تعاقب میں مضبوط پوزیشن فراہم کی۔

اس سے قبل شارجہ واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنائے، تاہم ڈیزرٹ وائپرز کے بولرز نے حریف ٹیم کو بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔ جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 17.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور میچ اپنے نام کرلیا۔یہ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کی رواں سیزن میں پہلی کامیابی ہے۔ ٹیم اپنی اس جیت کے بعد اگلے مقابلے میں 25 نومبر کو دبئی کیپیٹلز کے خلاف میدان میں اترے گی۔