بنگلہ دیش: بی این پی کارکنوں کے قتل کے بعد عوامی لیگ کے رہنماؤں کی املاک پر حملے، 30 گھر جلا دیے گئے

بنگلہ دیش: بی این پی کارکنوں کے قتل کے بعد عوامی لیگ کے رہنماؤں کی املاک پر حملے، 30 گھر جلا دیے گئے

ڈھاکا: بنگلہ دیش کے ضلع ناریل میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو کارکنوں کے قتل کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی، جہاں مشتعل افراد نے عوامی لیگ کے رہنماؤں اور کارکنوں کے تقریباً 30 مکانات کو آگ لگا دی۔

 واقعے کے دوران توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعات ضلع ناریل کے علاقے کالیہ کے گاؤں بیندار چار میں پیش آئے، جہاں جمعے کی دوپہر سے رات گئے تک ہنگامہ آرائی، املاک کو نقصان پہنچانے اور آتش زنی کا سلسلہ جاری رہا۔اطلاعات کے مطابق 18 نومبر کو بی این پی کے ایک جلوس پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں پارٹی کے دو مقامی رہنما شاہین شیخ اور سہیل شیخ ہلاک ہوگئے تھے۔ بی این پی رہنماؤں نے اس حملے کا الزام عوامی لیگ کے کارکنوں پر عائد کیا تھا، جس کے بعد علاقے میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی۔

واقعے کے بعد مقتولین کے رشتہ داروں اور حامیوں نے مبینہ طور پر عوامی لیگ سے وابستہ افراد کے گھروں اور املاک کو نشانہ بنایا۔ مشتعل افراد نے متعدد مکانات میں توڑ پھوڑ کی، قیمتی سامان لوٹ لیا اور تقریباً 30 گھروں کو آگ لگا دی۔آتش زدگی کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں۔ تاہم متعدد مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔