عمران خان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے، بیرسٹر گوہر

نئے صوبوں کے قیام کیلئے صوبائی اسمبلیوں کی دو تہائی حمایت لازمی 
انتخابی اصلاحات میں برابری کی نمائندگی دی جائے :چیئرمین پی ٹی آئی 
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے معاملے میں برابری کی نمائندگی دی جائے، نئے صوبوں کے قیام کے لیے صوبائی حکومتوں کی قرارداد اور دو تہائی اکثریت کی حمایت لازمی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہمارے بڑے تحفظات ہیں، مطالبہ ہے کہ عمران خان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ عمران خان کا علاج شفا ہسپتال میں کیا جائے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ ان کی فیملی اور ذاتی معالج سے ملاقات کا بھی حکم موجود ہے۔ 18 اگست کے عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اگر عدالتی احکامات پر عمل کیا جاتا ہے تو ہی ہماری تسلی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں ہونی چاہئیں، عمران خان کی فیملی، بہنوں اور وکلا سے بھی ملاقاتیں ہونی چاہئیں۔ لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس ہوگی جبکہ دیگر وکلا جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے۔ عمران خان کا ایکس اکائونٹ پارٹی کا نہیں، سلمان اکرم راجہ پہلے بھی عدالت کو اس بارے میں بتا چکے ہیں اور آئندہ سماعت پر دوبارہ وضاحت کر دیں گے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی کی ہدایت پر پارٹی کی تمام کمیٹیوں اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا۔ سیاسی، قانونی اور کور کمیٹیاں تمام معاملات پر مشاورت کریں گی۔ اتحادی جماعتوں اور جوائنٹ اپوزیشن سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ پی ٹی آئی کا مذاکرات میں مساوی نمائندگی کا مطالبہ برقرار ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ القادر کیس میں 25 نومبر کو عدالت پیش ہوں گے۔ ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہو سکتا۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے صوبائی حکومتوں کی قرارداد اور دو تہائی اکثریت کی حمایت درکار ہوگی۔ اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد عمران خان سے ہدایت لے کر آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے وزرا کے اختلافی بیانات نورا کشتی ہیں۔