گانوں پر پابندیوں کے مطالبات اور دہرے معیار پر سوال، پاکستانی شاعر کے کلام سے ناقدین کو جواب
احمد آباد (شوبز ڈیسک) بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانوں پر ہونے والی تنقید اور پابندیوں کے مطالبات کا منفرد انداز میں جواب دیتے ہوئے معروف پاکستانی شاعر منیر نیازی کے اشعار سنا دیے، جس کے بعد ان کی پرفارمنس اور بیان سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے۔دلجیت دوسانجھ نے ہفتے کی شب بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران اپنے گانوں میں شراب اور دیگر نشہ آور اشیا کے حوالوں پر ہونے والی تنقید کا جواب دیا۔گلوکار نے غیر ملکی فنکاروں کے گانوں میں ایسے ہی حوالوں پر اعتراض نہ ہونے جبکہ ان کے اپنے گانوں پر پابندیوں کے مطالبات سامنے آنے کو دہرے معیار سے تعبیر کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایک ہی نوعیت کے مواد پر مختلف رویے کیوں اختیار کیے جاتے ہیں۔اپنی بھارتی شناخت پر اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے دلجیت نے کہا کہ وہ بھارت میں پیدا ہوئے ہیں اور بیرون ملک دوروں کے دوران ان کے ساتھ کام کرنے والے موسیقار بھی بھارتی ہیں۔اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے معروف پاکستانی شاعر منیر نیازی کے اشعار بھی سنائے اور ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اشتعال دلانے کی کوشش نہ کی جائے، وہ اپنا شو کرکے واپس چلے جائیں گے۔اس تنازع کا پس منظر چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر اور سماجی کارکن ڈاکٹر پنڈت راؤ دھاریناور کی جانب سے سامنے آنے والے اعتراضات ہیں، جنہوں نے دلجیت کے چار گانوں پٹیالہ پیگ، 5 تارا، جٹ وچ فائر اور جٹ فائر کردا پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا مؤقف تھا کہ ان گانوں میں شراب، منشیات اور اسلحے سے متعلق حوالوں کو فروغ دیا گیا ہے۔