مصباح ارشد کا مارخور سے متاثر منفرد لباس عالمی توجہ کا مرکز، پاکستان کی ثقافت اور قدرتی ورثے کی خوبصورت عکاسی
سان خوان (شوبز ڈیسک) عالمی مقابلہ حسن میں پاکستان کی قومی شناخت اور قدرتی ورثے کی خوبصورت نمائندگی نے بین الاقوامی توجہ حاصل کر لی۔ پاکستانی حسینہ مصباح ارشد نے مس یونیورس 2026 کے مقابلے میں پاکستان کے قومی جانور مارخور سے متاثر منفرد لباس پیش کرکے ملکی ثقافت اور جنگلی حیات کے ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کر دیا۔امریکی زیرِ انتظام علاقے پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں 21 نومبر کو منعقد ہونے والے 75ویں مس یونیورس مقابلے میں مصباح ارشد کا خصوصی طور پر تیار کردہ لباس شرکاء اور ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔اس لباس کا ڈیزائن پاکستان کے قومی جانور مارخور سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا، جو اپنے منفرد بل کھاتے سینگوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں رہائش کے باعث دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔مصباح ارشد کے لباس کا مقصد صرف فیشن کی نمائندگی نہیں بلکہ پاکستان کے قدرتی حسن، جنگلی حیات، ثقافتی ورثے اور قومی تشخص کو عالمی سطح پر متعارف کروانا بھی تھا۔پاکستانی ماڈل کے اس منفرد لباس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جہاں صارفین نے اس کے ڈیزائن اور پاکستان کی نمائندگی کے انداز کو سراہا۔