ایران کے امریکہ کیخلاف مقدمے، کس کا فائدہ ہوگا

تصور حسین شہزاد
ایران نے میناب کے سکول پر ہونیوالے امریکی اور اسرائیلی حملے اور سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے معاملے پر امریکا اور4 یورپی ممالک کی عدالتوں میں مقدمات دائر کر دیئے ہیں۔ ایران جنگ کے پہلے روز 28 فروری کو تہران میں سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی رہائشگاہ پر امریکا اور اسرائیل کے حملے میں وہ اور ان کے اہلِ خانہ کے متعدد افراد شہید ہوگئے تھے، اس کے علاوہ جنوبی شہر میناب میں واقع شجرہ طیبہ گرلز سکول پر میزائل حملے میں 123 کم عمر بچیوں سمیت 168 افراد شہید ہوئے تھے، اس واقعے پر نہ صرف ایران کا بلکہ عالمی سطح پر بھی شدید ردعمل سامنے ا?یا تھا۔ ایران کے نائب صدر برائے قانونی امور مجید انصاری نے کہا ہے کہ یہ قانونی کارروائیاں ان عدالتوں میں شروع کی گئی ہیں، جنہوں نے ان مقدمات کی سماعت کا دائرہ اختیار قبول کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقدمات کی پیروی دستاویزی شواہد کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ ان میں سے بعض مقدمات پہلے ہی دائر کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر رجسٹریشن کے مرحلے میں ہیں۔ مجید انصاری نے سکولوں، شہری بنیادی ڈھانچے اور رہبرِ انقلاب کی رہائشگاہ پر حملوں کو ’’بزدلی اور جارحیت پر مبنی اقدامات‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت عالمی فوجداری عدالت بھی مقدمہ دائر کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم ایرانی وکلاء￿  سے اپیل کی کہ وہ غیر ملکی عدالتوں اور عالمی فورمز پر ان مقدمات کی پیروی میں تعاون کریں۔ مجید انصاری نے کہا کہ ایرانی حکومت کا قانونی امور کا دفتر، وزارت انصاف، وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے ان حملوں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے کام کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے ہاتھوں رہبرِ انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای، سائنسدانوں، فوجی کمانڈروں، عام شہریوں، نرسوں اور بچوں کی شہادت کے خلاف مختلف فورمز پر قانونی کارروائی کرنا ایسا فرض ہے، جسے ہر صورت پورا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حملوں میں فوجی اور شہری اہداف کے علاوہ ہسپتالوں، ایمبولینسوں اور ہنگامی امداد کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب ایران سے متعلق اقوام متحدہ کے آزاد بین الاقوامی تحقیقاتی مشن نے قرار دیا ہے کہ میناب سکول پر امریکی حملہ ممکنہ طور پر جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے، کیونکہ اس حملے میں ایک شہری مقام کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ستمبر میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی گئی رپورٹ میں تحقیقاتی مشن نے کہا کہ سکول واضح طور پر کم عمر بچیوں کے تعلیمی ادارے کے طور پر شناخت کیا جا سکتا تھا۔ امریکا نے حملے سے قبل اس بات کی تصدیق کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں کہ آیا یہ سکول کوئی فوجی ہدف تھا یا نہیں۔ اس معاملے میں ایران کو عالمی برداری کی اخلاقی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ امریکہ کی دھونس دھاندلی اور سپر پاور ہونے کے زعم نے امریکہ کو اب پوری دنیا میں رسوا کر دیا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ عالمی عدالتوں سے ایران اپنے حق میں فیصلہ کروانے میں کامیاب ہو جائے گا، کیونکہ ایران کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ جو عدالتوں کے ججز کو مجبور کر سکتے ہیں کہ وہ امریکہ کیخلاف فیصلہ دیں۔ ان فیصلوں سے امریکہ پر تو کوئی خاطر خواہ اثر نہیں ہوگا، البتہ ایران کی عالمی اخلاقی حمایت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ ادھر ایران کی نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور زہرا بہروز آذر نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں 623 ایرانی بچے شہید ہوئے۔ امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کی شہری آبادی اور تعلیمی اداروں کو پہنچنے والے نقصانات عالمی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ زہرا بہروز آذر نے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ جنگ میں بچوں کی شہادتیں انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ یہ بچے ایران کا مستقبل اور امید تھے۔ انہوں نے شہید ہونیوالے بچوں اور نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران صرف بچے شہید نہیں ہوئے، بلکہ بڑی تعداد میں بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زہرا بہروز آذر نے میناب میں شہید ہونے والے بچوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے لامرد اور ملک کے دیگر علاقوں میں جنگ کے دوران شہید ہونے والے بچوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ جنگ اور دشمن کی مبینہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے اثرات صرف جانی نقصان تک محدود نہیں، بلکہ پابندیوں اور معاشی دباؤ نے بھی بچوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ زہرا بہروز نے کہا کہ طویل عرصے سے عائد اقتصادی پابندیوں کے باعث بالخصوص سنگین بیماریوں میں مبتلا بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جنہیں علاج کیلئے مخصوص ادویات درکار ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں ادویات تیار کرنیوالی مقامی تنصیبات پر حملوں نے بھی مریضوں کیلئے ضروری ادویات کی تیاری اور تقسیم کے عمل کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ خیال رہے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں سے اپریل میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ہوئی، جبکہ جون میں دونوں ممالک نے مفاہمتی یادداشت پر اتفاق کیا، جس میں آبنائے ہرمز کی بحالی، اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد اثاثوں اور جوہری پروگرام سے متعلق امور شامل تھے۔ تاہم اختلافات برقرار رہنے کے باعث اگست میں مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہوگئی، جس کے بعد دونوں ممالک میں کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی۔ اور اب ٹرمپ نے نئے سال کے ا?غاز تک ایران پر حملوں کو ملتوی کر رکھا ہے، جبکہ ایران ہر قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایرانی قیادت کا کہنا ہے کہ اب ہمارے میزائلوں کی رینج امریکہ تک بڑھ چکی ہے جبکہ خطے میں موجود امریکہ اڈے اور ٹھکانے ہماری ترجیح ہوں گے، ایران پر حملے کی صورت میں ان اڈوں کو ملیا میٹ کر دیا جائے گا۔ ادھر امریکہ کے ڈرون مسلسل ایرانی فورسز کا نشانہ بن رہے ہیں اور فروری سے اب تک ایران فورسز امریکہ کے 20 ڈرونز تباہ کر چکی ہیں۔ فروری میں امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد تہران نے جوابی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اسرائیل کے علاوہ خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور بعض شہری و صنعتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔ ان حملوں سے بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب سمیت خطے کے مختلف ممالک متاثر ہوئے۔ ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ چوتھا امریکی ڈرون ہے، جسے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں ایک امریکی ’’ایم کیو ون سی ای آر ڈرون‘‘ مار گرایا ہے۔ جس کے بعد ایران کی جانب سے گرائے گئے امریکی ڈرونز کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔ ایرانی فوج نے گزشتہ روز امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے اور اسے نقصان پہنچانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے کے باعث امریکی طیارے کو مشن ادھورا چھوڑ کر قریبی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ امریکی سینٹکام نے اس دعوے کی تردید کی تھی۔ علاوہ ازیں پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائیہ نے بحرین میں امریکی فوجی ٹھکانوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے مشترکہ حملے میں نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی امریکی فوجی ڈرونز کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔ خیال رہے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کے نتیجے میں 
اپریل میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی تھی، جبکہ جون میں دونوں ممالک کے درمیان 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت پر بھی اتفاق کیا گیا،جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا تھا۔ مفاہمتی عمل میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے، ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی، منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی اور جوہری پروگرام سے متعلق اختلافات کے حل جیسے اہم امور شامل تھے۔ تاہم معاہدے کی شرائط پر دونوں ممالک کے درمیان اختلافات برقرار رہے اور سفارتی مذاکرات کسی حتمی امن معاہدے تک نہ پہنچ سکے۔ اگست 2026 میں مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہونے اور اس میں توسیع سے متعلق اتفاق رائے نہ ہونے کے بعد خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے لگی، جس کے نتیجے میں فوجی کارروائیوں، ڈرون حملوں اور خلیجی ممالک میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ اس صورتحال نے پورے خلیجی خطے کے امن و استحکام اور عالمی توانائی کی ترسیل کو بھی خطرات سے دوچار کر دیا۔