خاتون کے جاں بحق ہونے کا معمہ حل ، واقعہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کا نتیجہ نکلا

کراچی (آ ئی این پی )کراچی میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب فلائی اوور سے گر کر خاتون کے جاں بحق ہونے کا معمہ حل ہو گیا، قبل ازیں دعوی کیا گیا تھاکہ گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر کر موٹرسائیکل سوار خاتون پل سے نیچے گر کر دم توڑ گئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کا نتیجہ نکلا، خاتون اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھی، تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل فلائی اوور کی بانڈری سے ٹکرا گئی۔حکام کے مطابق فلائی اوور سے نیچے گر کر تیس سالہ طوبی انتقال کر گئی، موٹر سائیکل سوار شخص کو حراست میں لے لیا گیا، ملزم جنید بخاری کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ جاں بحق خاتون اور گرفتار ملزم آپس میں دوست تھے۔مقدمہ متوفیہ کے والد عرفان کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، حادثہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔