ٹیرف اور سرمایہ کاری سے امریکا میں دوسرے ممالک سے کھربوں ڈالر آرہے ہیں ، روس یوکرین جنگ ختم کرنے کا امریکی منصوبہ کیف کیلئے حتمی پیشکش نہیں
واشنگٹن(آ ئی این پی ) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہاہے کہ ٹیرف اور سرمایہ کاری سے امریکا میں دوسرے ممالک سے کھربوں ڈالر آرہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میںامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف کے ذریعے 5 سے 8 جنگیں رکوانے کا کریڈٹ پھر کلیم کرلیا۔ صدرٹرمپ نے کہاکہ سٹاک مارکیٹ 9 ماہ میں 48ویں بار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی، ٹیرف کے سبب امریکا تاریخ کا سب سے زیادہ دولت مند اور طاقتور ملک بن گیا۔ دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ ختم کرانے کیلئے مریکہ کا مجوزہ منصوبہ یوکرین کیلئے ان کی حتمی پیشکش نہیں ہے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین کے اتحادی ممالک نے اس منصوبے کے بعض نکات پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ یورپ، کینیڈا اور جاپان کے رہنمائو ں نے کہا تھا کہ اس منصوبے میں منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے ضروری عناصر موجود ہیں لیکن سرحدوں میں تبدیلی اور یوکرین کی فوج پر پابندیوں جیسے نکات کے باعث اس میں مزید کام کی ضرورت ہے۔ ادھر برطانیہ، فرانس، جرمنی، امریکہ اور یوکرین کے سکیورٹی حکام کی جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں ملاقات ہونے جارہی ہے