بچوں کو قتل کرنا انسانیت سے ماورا ، ناقابل معافی جرم:پولینڈ سفیر

کوئی بھی مقصد اتنے گھنائونے عمل کو جائز نہیں ٹھہرا سکتا، میچی پِسارسکی کی خضدار میں سکول بس پر حملے کی مذمت
اسلام آباد(آئی این پی )پولینڈ کے سفیر میچی پِسارسکی نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سکول کے بچوں پر ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو قتل کرنا انسانیت سے ماورا اور ناقابل معافی جرم ہے۔پولینڈ کے یوم آئین کے موقع پرپولینڈ کے سفارتخانے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتکاروں، ارکان پارلیمنٹ، سرکاری افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پولینڈ کے سفیر میچی پِسارسکی نے کہا کہ بچوں کی زندگی، مستقبل اور خوابوں کو کچلنا انسانیت سے ماورا اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ کوئی بھی مقصد اتنے گھنائونے عمل کو جائز نہیں ٹھہرا سکتا۔انہوں نے دنیا بھر سے مطالبہ کیا کہ وہ معصوم جانوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہو جائے۔ پِسارسکی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ روسی قیادت بھی ایسے ذمہ دار رویے کو اپنائے۔