پختونخوا :اٹارنی جنرل آفس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں

 ثنا اللہ خان ایڈیشنل اٹارنی جنرل تعینات، کئی افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا 
(ن)لیگ کے محمد عاطف ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹو اور اکبر یوسف اٹارنی جنرل تھری تعینات 
پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبر پختونخوا کے اٹارنی جنرل آفس میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کردی گئیں۔ڈپٹی اٹارنی جنرل ون ثنا اللہ خان کو خیبر پختونخوا کا نیا ایڈیشنل اٹارنی جنرل تعینات کر دیا گیا۔اٹارنی جنرل آف پاکستان کے دفترسے جاری اعلامیے کے مطابق خیبرپختونخوا کے اٹارنی جنرل آفس میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ مختلف نئے نام بھی جاری کردئیے ہیں اور دفتر کے کئی افسروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ثنا اللہ خان کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان خیبر پختونخوا کی نئی ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ پیپلزلائز فورم خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر گوہر رحمن خٹک ڈپٹی اٹارنی جنرل ون کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔اسی طرح مسلم لیگ(ن)سے تعلق رکھنے والے محمد عاطف نذیر ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹو اور اکبر یوسف ڈپٹی اٹارنی جنرل تھری اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل آف پاکستان کی اسامیوں پر بھی نئی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔بیرسٹر راحت علی خان کوایک بار پھر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل آف پاکستان خیبر پختونخوا تعینات کر دیا گیا ہے، دیگر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات ہونے والوں میں اشفاق خلیل، فصیح اللہ، تیورخان، فرہاد علی اور اشفاق احمد شامل ہیں۔