عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے: وزیراعظم(بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت)
قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ،جامع اور موثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے، اعلان جلد کر دیا جائیگا،شہبازشریف کی پاور ڈویژن کے امور پر اہم جائزہ اجلاس میں گفتگو، سولرآئزیشن پالیسی کے حوالے سے ابہام کو دور کرنے کی ہدایت
اگر ہمیں پاکستان کی تقدیر کو بدلنا ہے تو نظام میں مستقل بنیادوں پر تبدیلی نا گزیر ، عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کیلئے جس قدر ہوسکا، کوشش کریں گے، ایف بی آر کی کارکردگی پر اجلاس میںشرکت، مستقل نظام کی تشکیل کیلئے لائحہ عمل طلب کرلیا
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات کی بدولت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو سولرآئزیشن پالیسی کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے تمام ابہام کو حقائق اور اعدادوشمار کی بنیاد پر دور کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، شمسی توانائی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔شہباز شریف نے کہا کہ جینریشن کمپنیوں کے خاتمے( لیکویڈیشن ) کے حوالے سے تمام تر قانونی اور دیگر امور جلد از جلد طے کیے جائیں۔وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور موثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات کی بدولت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے۔توانائی کے شعبے کے حوالے جامع حکمت عملی کے لئے وزیراعظم نے پاور ڈویژن، آبی وسائل ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن میں ہم آہنگی مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر محمد علی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
دوسراانٹرو سپرلیڈ
اسلام آباد(آن لائن)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب سے واپسی کے فوری بعد ایف بی آر کی کارکردگی پر اجلاس، 34.5 ارب روپے کی ریکوری پر متعلقہ وزراء و افسران کی پذیرائی، مستقل نظام کی تشکیل کیلئے لائحہ عمل طلب ۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ٹیکس کے حوالے سے عدالتوں میں زیر التوا مقدمات اور حکومتی ٹیم کے ان مقدمات کی ریکوری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ چیئرمین ایف بی آر نے وزیرِ اعظم کو ایف بی آر کے ڈائریکٹریٹ آف لاء کی اصلاحات، ٹیکس جانچ کیلئے ڈیجیٹل ایلگوریدھم، ٹیکس افسران کی کارکردگی کی جانچ کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر ایف بی آر کی جاری اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیرِ اعظم کی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، مشیر وزیرِ اعظم ڈاکٹر سید توقیر شاہ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوصال، سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، ڈائیریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو فواد اسداللہ خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے جان محمد اور متعلقہ تمام افسران کی اس تاریخی ریکوری کیلئے اقدامات کی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم آپکی قومی خزانے کو 34.5 ارب روپے کا فائدہ پہنچانے پر مشکور ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیصلے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ریکوری قابل ستائش اقدام ہے ایسے بہترین نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ محنت و لگن سچی ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے یہ تاریخی کام آپ جیسی محنتی ٹیم کے ساتھ ہی ممکن تھا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 34.5 ارب کی ریکوری ایک اچھی شروعات ہے لیکن ابھی ہمارا سفر شروع ہوا ہے ہمیں مستقل بنیادوں پر ایک پائیدار نظام تشکیل دینا ہے دہائیوں کی خرابیوں کو ہمیں مل کر ٹھیک کرنا ہے۔ وزیراعظم نے ایف بی آر کی ریکوریوں کے حوالے سے مستقل بنیادوں پر مربوط قانونی ڈھانچہ تشکیل دینے ، ایف بی آر کے حوالے سے اصلاحات و ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی ایک لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرنے ، ایف بی آر کی افرادی قوت کی بہتری کیلئے ایک پلان تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ سو فیصد ڈیجیٹلائیزیشن، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن اور مسلسل نگرانی سے ہی نظام میں بہتری آئے گی ایسے افسران و اہلکار جو کسی بھی قسم کی خردبرد میں ملوث پائے جائیں ان کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی والے افسران و اہلکاروں کی ستائش بھی یقینی بنائی جائے اگر ہمیں پاکستان کی تقدیر کو بدلنا ہے تو نظام میں مستقل بنیادوں پر تبدیلی نا گزیر ہے عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کیلئے جس قدر ہوسکا، کوشش کریں گے۔
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شبانہ روز محنت سے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات اور نظام کی درستگی کا عمل جاری ہے۔ جاری ایک ویڈیو بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یوم پاکستان پر ہم قائداعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج کے دن اپنے واضح نصب العین کا تعین کیا گیا، قرار داد پاکستان لازوال عہد کی تابندہ دستاویز ہے، آج پاکستان ایک خودمختارمملکت اور ہم آزاد قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوق شہادت کے جذبے سے سرشار ہماری بہادرافواج پاکستان کی شان بڑھارہے ہیں، دہشتگردی کی جنگ میں مسلح افواج،رینجرز، پولیس اورسکیورٹی ادارے بہادری کا مظاہرہ پیش کررہے ہیں، پیشہ وارانہ لیاقت کی حامل ہماری افواج شوق شہادت کے جذبے سے سرشارہیں۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھاکہ پاکستا ن کے قابل شہری ہر شعبہ زندگی میں اپنی محنت سے نئیجہان آباد کررہے ہیں، پارلیمان،عدلیہ اورانتظامیہ اپنے آئینی امور کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں ، عہد کریں ہم اسی جذبے سے محنت کریں گے، دیانت، لگن اور مسلسل محنت سے پاکستان کو ترقی یافتہ عظیم فلاحی مملکت بنائیں گے۔ دریںاثناء وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نوشکی میں پولیس موبائل پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی اور واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین و کاروائی کی ہدایت کی ہے ۔ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی عظیم قربانیاں پوری قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘دھشتگرد بلوچستان کی ترقی و امن کے دشمن ہیں۔