ملک و قوم کے حالات بہت جلد بدلنے والے ہیں: کامران ٹیسوری

دشمن ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے، دہشت گردی کا مقابلہ صرف فورسز نہیں پوری قوم کو کرنا ہے
 کینالوں کے خلاف ہمارا احتجاج جاری، کینالزنہیں بننے دیں گے،گورنر سندھ کی میڈیا سے گفتگو 
 کراچی (آئی این پی )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں ملک و قوم کے حالات بہت جلد بدلنے والے ہیں، پاکستان میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز جلد شروع ہوگا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ یوم پاکستان پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، 23 مارچ کو پاکستان کی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم مربوط پالیسی اور اصلاحات سے پاکستان کو مضبوط معیشت بنائیں گے، بحیثیت قوم غیر معمولی حالات کا مقابلہ ثابت قدمی سے کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے سوچی سمجھی سازش کی جارہی ہے، دشمن ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ صرف فورسز نہیں پوری قوم کو کرنا ہوتا ہے، میں ہر ایک شخص سے اپیل کرتا ہوں کہ مل کر ملک کی ترقی کا جذبہ پیدا کریں، آئیں ایک نئے جذبے کے ساتھ وطن کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کینالوں کے خلاف ہمارا احتجاج جاری ہے، ہم کینالیں نہیں بننے دیں گے۔