کامران ٹیسوری گورنر ہائوس دفاترکی چابیاں بیرون ملک لے گئے قائم مقام گورنر ہائیکورٹ پہنچ گئے‘آفس کھولنے کاحکم

یہ آئینی منصب ہے کسی کی ذاتی بیٹھک نہیں، کامران ٹیسوری کو یہ حرکت زیب نہیں دیتی، اویس قادر شاہ  کی میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی )قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ  گورنر ہائوس کی چابیاں ساتھ لے جانے پر کامران ٹیسوری کے خلاف عدالت پہنچ گئے،سندھ ہائیکورٹ نے قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ کی درخواست پر احکامات صادر کردیئے ۔  سندھ ہائیکورٹ میں گورنر سندھ کے دفتر کو تالا لگانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی،درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ قائم مقام گورنر  سندھ نے جب سے چارج لیا ہے انہیں گورنر ہاوس آفس میں رسائی نہیں دی جا رہی۔عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہاکہ رہائشی کمروں کے علاوہ دیگر دفاتر تک قائم مقام گورنر کو رسائی دی جائے،پرنسپل سیکرٹری قائم مقام گورنر کی رسائی کو نہ روکیں،عدالت نے 23جون کیلئے پرنسپل سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے کہاکہ عدالتی حکم نامے کی کاپی صدر اور پرنسپل سیکرٹری کو ارسال کی جائے۔قبل ازیں  ایک انٹرویو میں  قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر نے کہا کہ محرم میں امن و امان سے متعلق گورنر ہائوس میں  اہم اجلاس طلب کیا تھا، گورنر ہائوس کے عملے نے بتایا کہ کامران ٹیسوری گورنر ہاوس کے دفاترکی چابیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔قائم مقام گورنر نے کہا کہ یہ آئینی منصب ہے کسی کی ذاتی بیٹھک نہیں، کامران ٹیسوری کو یہ حرکت زیب نہیں دیتی