بیگم نصرت بھٹو کی زندگی جرات، قربانی اور جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت:صدر مملکت کا 96 ویں سالگرہ پر پیغام

اسلام آباد (آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی زندگی جرات، قربانی اور جمہوریت سے غیر متزلزل وابستگی کی علامت تھی، بیگم نصرت بھٹو کے مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔صدر آصف علی زرداری  نے بیگم نصرت بھٹو کی 96 ویں سالگرہ پر جاری  پیغام میں کہا ہے کہ ہم پاکستانی تاریخ کی عظیم سیاسی شخصیت بیگم نصرت بھٹو کو ان کی 96 ویں سالگرہ پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے تاریک ترین دور کا بہادری سے سامنا کیا،جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کی قیادت کی، اپنے شوہر کی ناانصافی پر مبنی گرفتاری اور شہادت اور سیاسی انتقام کے بدترین حالات کا سامنا کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا  بیگم نصرت بھٹو اپنے عزم و استقلال پر قائم رہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کو تاریک دور میں سنبھالا  بیگم نصرت بھٹو کی جمہوریت کیلئے قربانیاں اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، صدر مملکت نے کہا  آج کے دن بیگم نصرت بھٹو  کے مشن کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔ اللہ تعالی بیگم نصرت بھٹو کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ آمین ۔