حکومت نہ تو خود افغانستان کو انگیج کرتی ہے، نہ کسی اور کو بات کرنے دیتی ہے،مشیراطلاعات خیبرپختونخوا
پشاور(آئی این پی ) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاق خیبر پختونخوا کو افغانستان سے بات کرنے دے، یقین ہے دہشت گردی کی لہر میں کمی آئے گی،اگر وفاقی حکومت کے بقول دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں تو حکومت کو افغانستان سے بات کرنے میں کیا رکاوٹ ہے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا حکومت نہ تو خود افغانستان کو انگیج کرتی ہے، نہ کسی اور کو بات کرنے دیتی ہے، وفاق کو چاہیے کہ خیبر پختونخوا حکومت کو افغانستان سے بات کرنے دے کیونکہ ہمارے لوگ نشانہ بن رہے ہیں، یقین ہے کہ افغانستان سے بات کرنے کے نتیجے میں دہشت گردی کی لہر میں کمی آئے گی۔ان کا کہنا تھا پاکستان کے خلاف سرگرم تمام تنظیموں کے ساتھ بات چیت ضروری ہے، آخر اس مسئلہ کا انجام کیا ہے کیا مزید لڑنا ہے یا مسئلہ ختم کرنا ہے، افغانستان سے بات کریں اور ان سے کہیں کہ ٹی ٹی پی کو کنٹرول کریں۔