پریس کانفرنس میں اساتذہ اور محققین کا ٹیکس ریبیٹ واپس لینے کی مذمت
لاہور (کرائم رپورٹر )فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشنز (فپواسا) اور پنجاب یونیوسٹی آسا کی قیادت نے پریس کانفرنس میں مرکزی حکومت کیطرف سے اساتذہ اور محققین کا ٹیکس ریبیٹ واپس لینے کی مذمت کی اور وزیر اعلیٰ مریم نواز سے پنجاب کی جامعات کا بجٹ بڑھانے کی اپیل کی۔ پنجاب یونیورسٹی کلب میں ہونیوالی پریس کانفرنس کی صدارت سابق صدر فپواسا و صدر پنجاب یونیوسٹی آسا ڈاکٹر امجد مگسی نے کی جبکہ صدر فپواسا بلوچستان ڈاکٹر کلیم اللہ باریچ، صدر فپواسا پنجاب ڈاکٹرمحمد اسلام، ڈاکٹر غالب عطا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا سرکاری جامعات کی تعداد 126سے بڑھ کر 160 ہو چکی ہے اور اخراجات، تنخواہیں، پنشنز اور دیگر ضروریات آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں تعلیم پر چار فیصد بجٹ خرچ کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر اقتدار میں آ کر وہ وعدے پورے نہیں کئے۔ اگر حکومت نے اساتذہ اور محققین کے مطالبات پورے نہ کئے تو فپواسا ملک گیر احتجاج کی کال دے گی جو کہ تمام جامعات کی بندش پر منتج ہو سکتی ہے۔