دہشت گرد بلوچستان کے نوجوانوں کو خودکش بنارہے ہیں :سرفراز بگٹی

ہم ہر مسئلے کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے وہ ڈائیلاگ کے بجائے بندوق کے ذریعے بات کررہے ہیں:وزیراعلی
    جیکب آباد (یواین پی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد بلوچستان کے نوجوانوں کو خودکش بنارہے ہیں جبکہ ہم ان کے لیے آکسفورڈ اور ہارورڈ یونیورسٹیز سمیت اعلیٰ تعکیم کے دروازے کھول رہے ہیں بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے، ہم ہر مسئلے کا حل بات چیت سے چاہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے وہ ڈائیلاگ کے بجائے بندوق کے ذریعے بات کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جیکب آباد میں رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں چیف وہیپ میر اعجاز حسین جکھرانی سے والدہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے دہشت گردوں کا کوئی قوم و قبیلہ نہیں ہوتا وہ صرف دہشت گرد ہیں،ل انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر مسئلے کو ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اگر بلوچستان کے مسئلے کا حل بات چیت سے نکلتا ہے تو اس خوبصورت بات اور کیا ہوسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے بلوچستان کے مسئلے پر بات کرنے کے بجائے بندوق سے بات کی جارہی ہے اگر وہ بندوق کے ذریعے بات کریں گے تو ایسا ہی جواب ملے گا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کررہے ہیں ہم ان کو یونیورسٹیز اور کالجز میں مصروف کررہے ہیں اور تعلیم کی طرف راغب کررہے ہیں بلوچستان میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسکالر شپ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے ذریعے ہم بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے آکسفورڈ اور ہارورڈ سمیت دنیا بھر کی بہترین یونیورسٹیز کے دروازے کھول رہے ہیں دوسری جانب بلوچستان کے نوجوانوں کو دہشت گرد خودکش بنا رہے ہیں