بیگ میں 1200 امریکی ڈالر، 50 ہزار روپے نقد، آئی فون،، دیگر اہم دستاویزات موجود تھیں
لاہور(کرائم رپورٹر)موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے ایم 3 موٹروے پر گم ہونے والا تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا قیمتی بیگ اصل مالک کے حوالے کر کے دیانتداری اور فرض شناسی کی ایک اور مثال قائم کر دی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے ملتان جانے والے ایک شہری کا قیمتی بیگ بچیکی سروس ایریا میں رہ گیا تھا۔ متاثرہ شہری نے فوری طور پر موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر کے بیگ گم ہونے کی اطلاع دی۔ گمشدہ بیگ میں 1200 امریکی ڈالر، 50 ہزار روپے نقد، ایک آئی فون، اے ٹی ایم کارڈز، شناختی کارڈ اور دیگر اہم دستاویزات موجود تھیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے بنتی ہے۔اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا اور قلیل وقت میں بیگ تمام قیمتی سامان سمیت بحفاظت برآمد کر لیا۔ بعد ازاں مکمل تصدیق اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد بیگ اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔بیگ واپس ملنے پر شہری نے موٹروے پولیس کی دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ہر ممکن مدد فراہم کرنا موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔