پنجاب میں تنخواہیں اور پنشن 31 جولائی کوادا کرنے کا فیصلہ

گورنر پنجاب کی منظوری، محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل اور بینکوں کو ہدایات جاری کر دیں
 یکم اور 2 اگست کو ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے باعث ادائیگیاں قبل از وقت کرنے کا فیصلہ کیا 
لاہور(خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو جولائی کی تنخواہیں اور پنشن معمول سے پہلے ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت سرکاری ملازمین کو جولائی کی تنخواہیں اور الاؤنسز جبکہ پنشنرز کو ماہانہ پنشن 31 جولائی کو ادا کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے یکم اور 2 اگست کو ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات کے باعث ادائیگیاں قبل از وقت کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ملازمین اور پنشنرز کو بروقت رقوم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔محکمہ خزانہ کے مطابق گورنر پنجاب نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن کی 31 جولائی کو ادائیگی کی منظوری دے دی ہے۔اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اور تمام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ متعلقہ بینکوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ 31 جولائی کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرز کو پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔