کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی شدید مندی کا رجحان برقرار رہا، جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی برقرار نہ رکھ سکا۔
کاروبار کے آغاز ہی سے فروخت کا دباؤ دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز فروخت کیے جانے کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 1,800 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 169,885 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی تھی، جہاں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2,690 پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد 171,739 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج مندی کا سلسلہ مزید گہرا ہو گیا۔دوسری جانب زرمبادلہ مارکیٹ میں گزشتہ روز روپے کی قدر میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک پیسہ سستا ہو کر 277.90 روپے پر بند ہوا، جبکہ اس سے قبل اس کی قیمت 277.91 روپے تھی۔
اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر 8 پیسے کی کمی کے بعد 279.86 روپے پر آ گیا۔دیگر غیر ملکی کرنسیوں میں یورو 60 پیسے اضافے کے بعد 322.78 روپے، برطانوی پاؤنڈ 30 پیسے مہنگا ہو کر 378.62 روپے، متحدہ عرب امارات کا درہم 4 پیسے اضافے سے 76.85 روپے اور سعودی ریال 5 پیسے مہنگا ہو کر 75.12 روپے پر پہنچ گیا۔ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ مندی کی بڑی وجوہات سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ، منافع کی وصولی (Profit Taking) اور معاشی و مالیاتی غیر یقینی صورتحال ہیں، جبکہ سرمایہ کار آئندہ معاشی اعلانات اور پالیسی فیصلوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔