پاکستان پیپلزپارٹی،جے یوآئی(ف)، عوامی نیشنل پارٹی نے وزیراعلیٰ گنڈاپورکی آل پارٹیز کانفرنس کودکھاوا قراردیدیا

خیبرپختونخوا حکومت غیرسنجیدہ : اپوزیشن پارٹیز  آج APCمیں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
صوبائی حکومت کا ہر فورم پر غیر سنجیدہ رویہ قابلِ افسوس ، اے پی سی صرف نمائشی اجلاس بن چکا،قائد حزب اختلاف ڈاکٹرعباداللہ ،پی ٹی آئی نے اے پی سی بحیثیت سیاسی جماعت بلائی ہوتی تو شرکت کرتے،میاں افتخار حسین،پیپلزپارٹی شرکت نہیں کرے گی ،محمد علی شاہ باچا
پشاور (خصوصی رپورٹ) خیبرپختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں نے آج ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ قائد حزب اختلاف صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا یہ متفقہ فیصلہ ہے، صوبائی حکومت کے فیصلے غیر سنجیدہ ہیں، صرف ایک میز پر بیٹھنے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ڈاکٹر عباد اللہ خان نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، اسمبلی کے فلور پر مکمل اور شفاف ڈیبیٹ ہونی چاہئے، تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر آگے کا لائحہ عمل طے کریں گی۔قائد حزبِ اختلاف کا کہنا تھا کہ صرف بیانات نہیں، اب عملی اقدامات کا وقت ہے، حکومت کا ہر فورم پر غیر سنجیدہ رویہ قابلِ افسوس ہے، اے پی سی صرف نمائشی اجلاس بن چکا ہے۔ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ اپوزیشن متحد، عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، حکومت کو عمل سے ثابت کرنا ہوگا، محض اے پی سی کافی نہیں۔ترجمان جے یوآئی عبدالجلیل جان نے تصدیق کی ہے کہ جے یوآئی، تحریک انصاف کی آل پارٹیز کانفرنس میں شریک نہیں ہوگی۔عوامی نیشنل پارٹی نے بھی وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے طلب کردہ جماعتی کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا، اے این پی نے حکومت کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے معذرت کر لی۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اے پی سی بحیثیت سیاسی جماعت بلائی ہوتی تو شرکت کرتے، حکومت کی جانب سے طلب کردہ اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے۔صوبائی صدر اے این پی نے کہا کہ ہم عوامی جماعت ہیں، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عوامی خواہشات کے خلاف کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبائی حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔ صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ صوبے میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، یہ آل پارٹیز کانفرنس صرف دکھاوا ہے۔محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ حکومت سنجیدہ ہوتی تو اس سے قبل کئی بار امن و امان اور دیگر مسائل پر بات ہو چکی ہے لیکن نتیجہ کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے دھرنوں اور مظاہروں سے فارغ ہو تو عوامی مسائل کی جانب توجہ دے، پاکستان پیپلز پارٹی آج ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔