اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دہشتگردی صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، پاکستان نے اس لعنت کے خاتمے کے لیے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں دہشتگردوں نے اسکولوں، عبادت گاہوں اور عوامی مقامات تک کو نشانہ بنایا، ہم نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دے کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب، رنگ یا نسل نہیں ہوتا، ان کا صرف ایک ایجنڈا ہوتا ہے: تباہی اور خوف پھیلانا۔ پاکستان نے عالمی برادری کی جانب سے فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف شیلڈ کا کام کیا ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ "دہشتگردی کے خلاف نیا اقدام اور پیغام امن" کے تحت حکومت نئی حکمت عملی لا رہی ہے تاکہ نہ صرف دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کو ختم کیا جائے بلکہ عوامی شعور بھی اجاگر کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات ملک کی سلامتی کو کمزور کرنے کی سازش ہیں، تاہم ریاست اور عوام مل کر ان کا مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پرتشدد انتہا پسندی اور دہشتگردی کے واقعات خطے کے امن کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں، جن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔