ویب ڈیسک: انڈونیشیا کے صوبہ گورونتالو میں جمعرات کی صبح شدت 6.3 کے زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
انڈونیشین محکمہ موسمیات، موسمیاتی تبدیلی اور زلزلہ پیما ادارے (BMKG) کے مطابق زلزلہ صبح 3 بج کر 50 منٹ پر آیا۔زلزلے کا مرکز پوہواتو ریجنسی سے 8 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا، جب کہ اس کی گہرائی 132 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
دیگر علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے
زلزلے کے جھٹکے شمالی سولاویسی، وسطی سولاویسی اور مشرقی کلمنتان جیسے قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث کئی مقامات پر لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔تاہم کسی قسم کی تباہی یا ہلاکتوں کی اطلاع نہیں ملی۔
سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی
گورونتالو شہر کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے سیکرٹری ہینری ٹیکوالو نے تصدیق کی کہ زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی، کیونکہ زلزلے کی نوعیت ایسی نہیں تھی کہ وہ بلند سمندری لہریں پیدا کرے۔
آتش فشانی زون میں واقع ملک
واضح رہے کہ انڈونیشیا زمین کی تہہ میں موجود سرگرم پلیٹوں پر واقع ہے اور یہ علاقہ "Ring of Fire" یعنی آتش فشانی زون کا حصہ ہے، جہاں زلزلے اور آتش فشاں پھٹنے کے واقعات عام ہیں۔اس سے قبل بھی انڈونیشیا میں شدید نوعیت کے زلزلے آ چکے ہیں، جن میں 2018ء کے سولاویسی زلزلے اور سونامی سمیت کئی ہولناک قدرتی آفات شامل ہیں، جن میں ہزاروں جانیں ضائع ہوئیں اور بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔