ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری کو طلب کر لیا

ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری کو طلب کر لیا

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا اجلاس 28 جنوری 2025 کو طلب کیا ہے۔

 اجلاس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق کریں گے اور یہ پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں دن پونے 12 بجے ان کیمرہ منعقد ہوگا۔اس اجلاس میں حکومت کی طرف سے اپوزیشن کے تحریری مطالبات کا جواب دیا جائے گا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ 28 جنوری کو پی ٹی آئی کو تحریری طور پر جواب دے دیا جائے گا، تاہم جوڈیشل کمیشن کے بننے یا نہ بننے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کے اس فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور مذاکرات کا عمل نہ چھوڑے۔اس پس منظر میں، اسپیکر ایاز صادق کا اجلاس بلانا اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔