خاتون اول آصفہ بھٹو کااے ایف آئی سی اوراین آئی ایچ ڈی کا دورہ

راولپنڈی(آن لائن) خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران خاتون اول کو پروفیسر ڈاکٹر پین شیانگ بن کی سربراہی میں چینی ماہرین ِامراض قلب کی ٹیم کی بریفنگ دی۔ آصفہ بھٹوزرداری کو بتایا گیا کہ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں الٹراساؤنڈ رہنمائی کے تحت دل کی پیدائشی اور ساخت سے متعلق بیماریوں کا جدید طبی طریقہ کار سے چینی تعاون سے پہلی بار علاج کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زئے ڈونگ اور کمانڈنٹ آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میجر جنرل نصیر احمد سامور بھی موجود تھے۔خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے شعبہ صحت میں تعاون پر چینی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ اداکیا۔خاتون اول نے دل کے مریضوں کو جدید ترین علاج فراہم کرنے پر آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ کو بھی سراہا،خاتون اول نے اے ایف آئی سی میں مختلف وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں پھول پیش کئے۔آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کمانڈنٹ نے خاتون اول کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔