پی ٹی آئی دوبارہ غور کرے، مذاکرات نہ چھوڑے: عرفان صدیقی

 مذاکرات ختم کرنے کااعلان افسوسناک، ہمارا جواب تو سْن لیتے اس کے بعد انکار کرتے، رہنما مسلم لیگ (ن)
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان جاری مذاکرات میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دوبارہ غور کرے، مذاکرات نہ چھوڑے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مذاکرات ختم کرنے کااعلان افسوسناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے پہلے ہمارا جواب تو سْن لیتے اس کے بعد انکار کرتے، ہمارے  خیال میں پی ٹی آئی کی طرف سے دیے گئے 7 دن 28 جنوری کو مکمل ہو رہے ہیں اور وہ سپیکر کو  28 جنوری کی تاریخ دے چکے تھے، وہ کیوں 5 دن انتظار نہیں کرسکتے۔عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پہلی میٹنگ میں طے پایا کہ مطالبات تحریری شکل میں لائیں گے،  انہیں 42 دن مطالبات لانے میں لگے اور ہم سے چاہتے ہیں کہ 7 دن میں کمیشن بن جائے، ان کو آنے کی بھی بے تابی تھی اور ان کو جانے کی بھی جلدی ہے بہت،7  دن میں ایسا کیا ہوگیا جو انہوں نے مذاکرات ختم کرنیکا اعلان کیا؟۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جواب دینے میں کچھ تو وقت لگے گا، پی ٹی آئی دوبارہ غور کرے، مذاکرات نہ چھوڑے۔