شیخ رشید کی عمرہ کی درخواست رد، دوبارہ ای سی ایل میں نام شامل کر لیا گیا

شیخ رشید کی عمرہ کی درخواست رد، دوبارہ ای سی ایل میں نام شامل کر لیا گیا

راولپنڈی:انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی عمرہ پر جانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

عدالت کے جج امجد علی شاہ نے یہ فیصلہ سنایا، جس کے بعد پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے کیونکہ وفاقی حکومت کے حکم پر ایف آئی اے نے یہ اقدام کیا ہے۔پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیسز کے تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں۔شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ وہ اس فیصلے اور اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، کیونکہ ہائی کورٹ نے پہلے عمرہ کی اجازت دی تھی اور یہ اقدام توہین عدالت ہے۔

وکیل نے یہ بھی بتایا کہ ہائی کورٹ نے یہ اصول طے کیا ہے کہ کسی مقدمے کی بنیاد پر ملزمان کے نام ای سی ایل میں نہیں ڈالے جا سکتے، اور سپریم کورٹ و ہائی کورٹ نے اس حوالے سے سابقہ کیسز میں یہی اصول اپنایا ہے۔شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ یہ سن کر حیران ہیں کہ ان کا نام دوبارہ ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے، حالانکہ پہلے انہیں اس سے نکال دیا گیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دوبارہ ہائی کورٹ میں اس اقدام کو چیلنج کریں گے، اور دوبارہ عمرہ کی اجازت لے کر عمرہ ادا کریں گے۔