لاہور (کرائم رپورٹر )صدر مسلم لیگ (ن)لاہور و رکن قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر اور منسٹر فیصل ایوب کھوکھر نے سروسز ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے انہیں ہسپتال کی کارکردگی، سہولیات اور جاری ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سیف الملوک کھوکھر نے ایمرجنسی کیلئے نئے میڈیکل آئی سی یو کا باقاعدہ افتتاح کیاجس سے ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ دورے کے دوران انہوں نے گائنی یونٹ میں لفٹ کی فراہمی کیلئے معاونت کرنے والے ڈونر ایس ایم فراز کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اسے قابلِ تحسین فلاحی اقدام قرار دیا۔اس موقع پر سیف الملوک کھوکھر نے کہا حکومت نے شعبہ صحت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔سرکاری ہسپتالوں میں جدید سہولیات فراہمی کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سروسز ہسپتال سمیت تمام طبی ادارے دن رات عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، حکومت عوام کی صحت اور فلاح کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔