اگر شارٹ فال پر آئی ایم ایف کا دبا ئوآیا تو پھر منی بجٹ کا فیصلہ مذاکرات کے بعد کیا جائے گا
مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کو 330 ارب روپے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا رہا
اسلام آباد (آئی این پی )حکومت کی آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے جائزہ مذاکرات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، ایسے میں حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ ٹیکس شارٹ فال کے باوجود منی بجٹ کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق اگر شارٹ فال پر آئی ایم ایف کا دبائو آیا تو پھر منی بجٹ کا فیصلہ مذاکرات کے بعد کیا جائے گا، مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کو 330 ارب روپے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا رہا۔ملک میں بجلی اور گیس کی قیمتوں کے بروقت تعین کا عمل جاری رکھا جائے گا، سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی ماہانہ، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس اور بنیادی ٹیرف کا تعین بروقت کیا جا رہا ہے، گیس کی قیمتوں کا تعین بھی مقررہ وقت کے مطابق کیا جا رہا ہے۔آئی ایم ایف وفد مذاکرات کے لیے 25 فروری سے 11 مارچ تک پاکستان کا دورہ کرے گا، وفد پہلے کراچی میں اسٹیٹ بینک کے ساتھ مذاکرات کرے گا، اس کے بعد باضابطہ مذاکرات 2 مارچ سے اسلام آباد میں شروع ہوں گے، توسیعی فنڈ فیسلیٹی اور کلائمٹ فنانسنگ جائزے کے لیے ایک ہی وقت مذاکرات ہوں گے۔