شہرت کی ہوس یا حماقت؟ بھارت میں دلہا دلہن کی خطرناک حرکت پر ہنگامہ

شہرت کی ہوس یا حماقت؟ بھارت میں دلہا دلہن کی خطرناک حرکت پر ہنگامہ

سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے کی دوڑ میں لوگ کس حد تک جا سکتے ہیں، اس کی ایک تازہ مثال بھارت کے شہر گوالیار سے سامنے آئی ہے جہاں شادی کے موقع پر دلہا دلہن نے فلمی انداز اپناتے ہوئے ایک انتہائی خطرناک اسٹنٹ انجام دیا، جس پر پولیس نے کارروائی کی اور سوشل میڈیا پر بھی سخت ردعمل سامنے آیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نئی نویلی دلہن چلتی کار کے بونٹ پر بیٹھ کر بالی ووڈ گانے پر رقص کر رہی ہے، جبکہ دلہا کار کی چھت پر تلوار لہراتے ہوئے کھڑا ہے۔ دونوں کی یہ خطرناک حرکت شہر کی مصروف سڑک پر انجام دی گئی، جہاں دیگر شہریوں نے بھی حیرت اور تشویش کا اظہار کیا۔

پولیس کی فوری کارروائی
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی گوالیار ٹریفک پولیس حرکت میں آئی۔ گاڑی کے نمبر سے جوڑے کی شناخت کی گئی، انہیں چالان کیا گیا اور پولیس کے مطابق مزید قانونی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔ پولیس ترجمان نے اسے غیر ذمہ دارانہ اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے والا عمل قرار دیا۔

عوامی ردعمل
انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز پر صارفین نے اس حرکت پر سخت تنقید کی۔ایک صارف نے لکھا: “اتنی بڑی شادی اور دماغ گھر بھول آئے؟”دوسرے نے کہا: “یہ لوگ شادی نہیں، تماشا کرنے نکلے ہیں۔ ایسا رقص کسی شادی کی زینت نہیں بلکہ معاشرے کی بدنامی کا سبب ہے۔”دلہن کی بھاری کامدار لہنگے، زیورات اور مکمل روایتی لباس میں بونٹ پر بیٹھ کر رقص کرنا اور دلہا کا تلوار لہراتے ہوئے گاڑی کی چھت پر کھڑا ہونا، صرف سوشل میڈیا لائکس کے لیے کیا گیا خطرناک اقدام تھا جس نے نہ صرف خود ان کی جان بلکہ عوام کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا۔یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی ہے کہ سوشل میڈیا پر شہرت کی تلاش میں ذمہ داری اور انسانی جان کی قیمت کو نظر انداز کرنا کس قدر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔