وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک-بھارت جنگ کے دوران ڈیجیٹل میڈیا نے اہم کردار ادا کیا، اور منفی پروپیگنڈے و ڈس انفارمیشن کی روک تھام وقت کی ضرورت ہے۔
وزیر نے زور دیا کہ فیک نیوز اور مس انفارمیشن جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ذرائع ابلاغ خصوصاً ڈیجیٹل میڈیا میں تعاون بڑھانا ضروری ہے۔اسلام آباد میں سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کی سٹریٹجک شراکت داری وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوئی ہے اور دونوں ممالک میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کو تاریخی، مثالی اور لازوال قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف معاشی ترقی بلکہ معاشرتی اثرات بھی مرتب کر رہا ہے اور یہ مختلف ممالک کو جوڑنے والا گیم چینجر منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دور میں ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز کی پہچان ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، اور پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی قائم کیا گیا ہے۔