ساڑھے 9ہزار ملازمین‘ پی آئی اے کی یومیہ آمدن 600 سے 800 ملین روپے کے درمیان ہے
قومی ایئرلائن کے پاس 34 طیارے ہیں، جن میں سے 18آپریشنل اور 16 گراؤنڈڈ ہیں
پی آئی اے 45 بین الاقوامی اور 25 ملکی روٹس پر روزانہ 70 پروازیں چلاتی ہے‘ملازمین کو ایک سال کا تحفظ
کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصدحصص خریدنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی جائے گی:رپورٹ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کو نجی گروپ کو 135 ارب روپے میں فروخت کردیا ہے جبکہ فروخت شدہ ایئرلائن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت اس سے کہیں زیادہ بتائی جا رہی ہے اور اس حوالے سے تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔عارف حبیب گروپ کو فروخت کی گئی پی آئی اے کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 150 سے 190 ارب روپے کے قریب بتائی جا رہی ہے، حکومت پاکستان نے پی آئی اے کی 5 جائیدادیں تمام جہاز، ملکی و بین الاقوامی روٹس اور آپریشنزکے ساتھ نجکاری کے لیے پیش کیے تھے۔نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کے مجموعی اثاثے 150 سے 190 ارب روپے کے درمیان ہیں، قومی ایئرلائن کے پاس 34 طیارے ہیں، جن میں سے 18آپریشنل اور 16 گراؤنڈڈ ہیں، پی آئی اے 45 بین الاقوامی اور 25 ملکی روٹس پر روزانہ 70 پروازیں چلاتی ہے۔اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد 9 ہزار 500 ہے جنہیں ایک سال تک ملازمت کا تحفظ دینا ہوگا اور پی آئی اے کی یومیہ آمدن 600 سے 800 ملین روپے کے درمیان ہے، جنوری سے جون 2025 کے دوران پی آئی اے کی آمدن 112 ارب روپے رہی ہے۔حکومت نے پی آئی اے کے 75 فیصدحصص فروخت کر دیے ہیں جبکہ کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصدحصص خریدنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔