2010میں طیارہ حادثہ عدالت کا نجی ایئر لائن کو 5 ارب 41 کروڑ ہرجانہ ادا کرنیکا حکم

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے  نجی ایئر لائن کو فی اپیل ایک لاکھ جبکہ مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا،تمام 8 اپیلیں خارج  
اسلام آباد(آئی این پی ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 2010 میں طیارے کو حادثہ پیش آنے کے واقعے سے متعلق کیس میں نجی ایئر لائن کی تمام 8 اپیلیں خارج کر دیں جبکہ 5 ارب 41 کروڑ 78 ہزار روپے کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے متاثرین کی 8 اور نجی ایئر لائن کی 8 اپیلوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر رسول بخش میرجت نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے طیارہ حادثے میں ہونے والے نقصانات کے لیے معاوضے کے سول دعوے پر فیصلہ دیا، عدالت نے نجی ایئر لائن کو فی اپیل ایک لاکھ جبکہ مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا۔عدالت نے نجی ایئر لائن کو درخواستیں دائر کرنے اور عدالتی وقت کے ضیاع پر جرمانہ کیا، متاثرین کی اپیلیں ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت رہیں بعدازاں ہائیکورٹ نے اپنے دائرہ اختیار سے واپس سیشن ججز کے دائرہ اختیار میں دے دیں تھیں۔