محکمہ پی اینڈ ڈی کی جانب سے ٹنل بورنگ پراجیکٹ اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کوئی فیصلہ نہ دیا جا سکا
لاہور (خصوصی رپورٹ) سال 2024 میں بھی واسا کو دو میگا پراجیکٹس شروع کرنے میں سبکی کا سامنا ہے۔ مالی سال 2023-24 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں کے فنڈز مختص نہ ہوسکے۔ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے واسا کے دو منصوبوں ٹنل بورنگ پراجیکٹ اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر کوئی فیصلہ نہیں دیا۔واسا ٹنل بورنگ کی منظوری صوبائی اور وفاقی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے دے دی تھی۔ اعتراضات دور نہ ہونے کی وجہ سے منصوبہ شروع نہ ہوا۔ واسا نے لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک ٹنل بورنگ کے ذریعے سیوریج لائن بچھانے کا منصوبہ بنایا، 28 کلو میٹر طویل زمین دوز سیور لائن بچھائی جانی تھی۔اسی طرح شہر لاہور کا پہلا سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبہ اداروں کے لئے درد سر بن گیا۔ راوی سائفن کی اراضی کے حصول کے لئے تنازعات طوالت اختیار کر گئے۔ راوی سائفن پر واسا کو گزشتہ تین سال سے اراضی کے تنازعات کا سامنا ہے،تنازعات حل نہ ہونے سے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبہ التوا کا شکار ہوا۔