عدالت کا عمرایوب کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم

پشاور ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر کو 21 جنوری تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی
    پشاور (یواین پی) پشاور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ایک ماہ کی راہداری ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء عمر ایوب کی راہداری ضمانت کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے سماعت کی جہاں درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ’عمر ایوب کے خلاف اسلام آباد تھانہ رمنہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں، عمر ایوب کی گرفتاری کا خدشہ ہے، راہداری ضمانت دی جائے‘، بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ نے درج مقدمات میں عمر ایوب کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے انہیں 21 جنوری تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔