ممبئی (شوبز ڈیسک) بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی آئیکونک اداکارہ مدھوبالا کی زندگی پر بننے والی فلم میں سارا ارجن مرکزی کردار ادا کریں گی، اس کی فلم بندی ستمبر میں فلم لو اینڈ وار کی شوٹنگ مکمل ہونے پر شروع ہو جائے گی۔مدھوبالا کے حالات زندگی پر بننے والی فلم کا ابھی کوئی حتمی نام سامنے نہیں آیا، فلم ڈارلنگز کی ہدایت کارہ جسمیت کے رین اس کی بھی ڈائریکشن دیں گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سارا ارجن نے مدھوبالا کا کردار ادا کرنے کے لیے تیاری بھی شروع کر دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھوبالا کی سوانح عمری کی شوٹنگ ممبئی کے رائل پامس اور گوریگاں میں شروع ہونے کی توقع ہے، جہاں اس وقت بھنسالی کی فلم لو اینڈ وار کی شوٹنگ جاری ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ لو اینڈ وار کے لیے استعمال ہونے والی اسی لوکیشن کو مبینہ طور پر مدھوبالا بایوپک کے لیے تبدیل کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق اگست کے آخر میں لو اینڈ وار کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد مدھوبالا بایوپک کی پروڈکشن ڈیزائن ٹیم اس جگہ کو تبدیل کرنے کا کام شروع کرے گی۔ فلم کی شوٹنگ ستمبر میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ اگرچہ سنجے لیلا بھنسالی اس منصوبے سے وابستہ ہیں، لیکن جسمیت کے رین فلم کی ہدایت کاری کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔