وفاقی ادارۂ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی صورتحال میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا ہے، جہاں ہفتہ وار بنیادوں پر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 0.33 فیصد کمی ہوئی ہے، تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 13.98 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ ہفتے 12.16 فیصد تھی۔اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ مہنگی، 9 سستی جبکہ 23 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔مہنگی ہونے والی اشیاء میں آلو 3.13 فیصد، بریڈ 0.91 فیصد اور کوکنگ آئل 0.69 فیصد شامل ہیں، جبکہ انڈے، مٹن، چکن اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔دوسری جانب ٹماٹر 27.65 فیصد اور پیاز 9.35 فیصد سستا ہوا ہے، جبکہ ڈیزل، ایل پی جی، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق ضروری اشیاء کی قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ مارکیٹ کی طلب و رسد اور عالمی قیمتوں کے اثرات کا نتیجہ ہے۔