ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی فیس 200 روپے سے بڑھا کر 550 مقرر کر دی گئی
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب کابینہ نے ڈومیسائل فیس میں 175 فیصد اضافے کی منظوری دیتے ہوئے نئی فیس اسٹرکچر کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے تحت ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی فیس 200 روپے سے بڑھا کر 550 روپے مقرر کر دی گئی ، جس کے بعد شہریوں کو اس بنیادی دستاویز کے حصول کیلئے نمایاں اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق نئی فیس میں 200 روپے بنیادی فیس، 300 روپے ای افیڈیویٹ اور 50 روپے سروس چارج شامل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈومیسائل فیس کی ادائیگی صرف ای پے پنجاب کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنانے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق شہری اب ڈومیسائل کیلئے آن لائن درخواست دے سکیں گے اور سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے موصول ہوگا، اس مقصد کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو فی ڈومیسائل 50 روپے سروس چارج رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جس میں سے 500 روپے حکومتی خزانے میں جبکہ 50 روپے PITB کو ملیں گے۔ نئے نظام کے تحت ڈومیسائل کے اجرا کا وقت کم کر کے 2 سے 3 دن کر دیا گیا ہے،کورئیر کے ذریعے شہریوں کے گھروں تک فراہمی بھی ممکن ہوگی۔ اس کیلئے فی ڈومیسائل 60 روپے کورئیر لاگت، 40 روپے سکیورٹی پیپر، جبکہ ڈیٹا ہوسٹنگ، ایس ایم ایس اور سسٹم مینٹیننس کیلئے اضافی اخراجات بھی شامل کئے گئے ہیں۔