نیوزی لینڈ کی مایہ ناز آل راؤنڈر سوزی بیٹس نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹس 2026 میں انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد اپنے تقریباً 20 سالہ شاندار کیریئر کو خیرباد کہیں گی۔حال ہی میں انجری سے واپسی کرنے والی بیٹس آئندہ ٹورنامنٹ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہوں گی اور ٹیم کے ساتھ انگلینڈ روانہ ہوں گی، جہاں نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔اپنے بیان میں سوزی بیٹس کا کہنا تھا کہ وقت بہت تیزی سے گزرا اور ملک کی نمائندگی ان کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہی، اب ان کا آخری ہدف ایک اور ورلڈ کپ جیتنا ہے۔
2006 میں ڈیبیو کرنے والی بیٹس خواتین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں، جبکہ ون ڈے فارمیٹ میں بھی ان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ وہ 2011 سے تقریباً سات سال تک ٹیم کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔موجودہ کپتان امیلیا کیر نے بیٹس کو تاریخ کی عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔