ویب ڈیسک : لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے میچز کے سلسلے میں لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی پارکنگ پلان اور روڈ مینجمنٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور، اطہر وحید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران تقریباً 600 ٹریفک وارڈنز کو مختلف مقامات پر ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو رواں رکھا جا سکے اور شہریوں کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ:غلط پارکنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔اس سلسلے میں 20 فورک لفٹرز الرٹ رکھے گئے ہیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اہم سڑکوں کو کھلا رکھا جائے گا۔کسی بھی سڑک کو مستقل بند نہیں کیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت شہر کی تمام اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رہیں گی اور شہری معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں، صرف مخصوص پارکنگ مقامات کا استعمال کریں، اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف غیر ضروری رش سے گریز کریں تاکہ میچ کے دوران ٹریفک کا نظام بہتر انداز میں چلایا جا سکے۔
مزید ہدایات:
شائقین کرکٹ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ میچ سے قبل پارکنگ پوائنٹس اور داخلے کے راستوں سے آگاہی حاصل کریں۔شہریوں کے لیے ٹریفک اپڈیٹس سوشل میڈیا اور ایف ایم 88.6 پر مہیا کی جائیں گی۔