زاہد دلانی گینگ کے بڈھا کے سرکی قیمت پانچ لاکھ مقررتھی،دوساتھی زخمی حالت میںفرار
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کچہ کریمنلز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور انتہائی مطلوب ڈاکو کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے گرفتار ڈاکو بڈھا ولد پیر بخش کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو کا تعلق زاہد دلانی گینگ سے ہے جو ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سمیت سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ راجن پور پولیس نے کچے کے ڈاکوؤں بارے اطلاع پر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں گرفتار ڈاکو کے 2 ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔ راجن پور پولیس نے کچہ کے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نذر آتش کر دیا۔