تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سرکاری دورے کے دوران پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل احمد وحیدی سے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی اور جنرل احمد وحیدی کے درمیان ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر تہران میں موجود ہیں، جہاں ان کی ایرانی قیادت اور سیکیورٹی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔دورے کے دوران محسن نقوی نے اس سے قبل اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں میں علاقائی امن و سلامتی اور باہمی تعاون سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر رابطوں کے تناظر میں محسن نقوی کا دورہ تہران اہم قرار دیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے ایرانی قیادت اور سیکیورٹی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات چیت کی جا رہی ہے۔