وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، ملکی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، ملکی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

 اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال، امن و استحکام، اور پاک بھارت کشیدگی کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں اتحاد و یکجہتی کی فضا قائم رکھی جائے تاکہ ملکی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن کی ضرورت پر اتفاق کیا اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے موثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

اس ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ نے ملکی سلامتی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں۔ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے ملک میں مثبت سیاسی اور سماجی فضا کے قیام کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔