نیویارک: ڈیلیوری ورکرز کے لیے بڑا معاوضہ پیکج، کم از کم اجرت 22 ڈالر فی گھنٹہ مقرر

نیویارک: ڈیلیوری ورکرز کے لیے بڑا معاوضہ پیکج، کم از کم اجرت 22 ڈالر فی گھنٹہ مقرر

نیویارک: نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی قیادت میں شہر کی بلدیہ نے ڈیلیوری ورکرز کی شکایات اور کم یا تاخیر سے ادائیگی کے معاملے پر ایک بڑی ڈیلیوری کمپنی کے ساتھ 13 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کرلیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت متعلقہ کمپنی ایک کروڑ 67 لاکھ ڈالر جرمانے اور دیگر اخراجات کی مد میں ادا کرے گی، جبکہ تحقیقات کے دوران ہزاروں ڈیلیوری ورکرز کو کم معاوضہ دینے یا ادائیگی میں تاخیر کیے جانے کی نشاندہی ہوئی۔میئر نیویارک ظہران ممدانی کے مطابق اس معاہدے کے تحت 2 لاکھ 64 ہزار سے زائد ورکرز کو مجموعی طور پر 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ادا کیے جائیں گے۔ یہ رقم ان کارکنوں کو فراہم کی جائے گی جنہیں تحقیقات کے مطابق واجب الادا معاوضے سے محروم رکھا گیا یا انہیں ادائیگی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک میں فوڈ ڈیلیوری ورکرز کے لیے کم از کم معاوضہ 22.13 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ شہر کی انتظامیہ کی جانب سے ڈیلیوری ورکرز کے حقوق اور اجرت کے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

تحقیقات میں سامنے آنے والی شکایات کے بعد ہونے والا یہ معاہدہ ڈیلیوری ورکرز کے معاوضوں اور کمپنیوں کی جانب سے اجرت کی ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔بلدیہ نیویارک کے مطابق معاہدے کے ذریعے متاثرہ ورکرز کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ متعلقہ کمپنی پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، تاکہ ورکرز کے حقوق سے متعلق ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔