ایران نے تہران سے بغداد اور مسقط جانے والی پروازیں منسوخ کر دیں

ایران نے تہران سے بغداد اور مسقط جانے والی پروازیں منسوخ کر دیں

تہران: ایران نے تہران سے بغداد اور مسقط جانے والی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ دیگر بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق بغداد جانے والی بعض پروازوں کا رخ نجف ایئرپورٹ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ استنبول سمیت دیگر بین الاقوامی روٹس پر پروازیں اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق چلتی رہیں گی۔دوسری جانب عراق نے بھی بغداد کے لیے ایرانی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عراقی حکام کے مطابق ایرانی پروازوں کو بغداد ایئرپورٹ کے بجائے نجف ہوائی اڈے کی جانب منتقل کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ایرانی اور عراقی حکام کے فیصلوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں اور پروازوں کے شیڈول میں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ مسافروں کو متعلقہ ایئرلائنز سے پرواز کی تازہ صورتحال اور متبادل انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا تھا کہ امریکی پابندیوں کے خطرے کے باعث 23 ستمبر سے دنیا بھر میں ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ تاہم اس حوالے سے مختلف روٹس اور ایئرلائنز کے آپریشنز پر الگ الگ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ایران کی جانب سے استنبول سمیت دیگر بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق چلانے کا اعلان اسی تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔