ہراساں کرنے کا کیس سی سی پی او لاہور کیخلاف نامکمل رپورٹ پر عدالت برہم افسروں کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے:چیف جسٹس

 نامکمل رپورٹ پیش کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟ آپ کو بلانا چھوڑ دیا تو آپ نے یہ رویہ رکھا؟ عالیہ نیلم کے ریمارکس
لاہور(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ میں شہری کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر سی سی پی او لاہور کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ سے انکوائری کی مکمل رپورٹ طلب کر لی، نامکمل رپورٹ پیش کرنے پر پولیس افسران سے بھی وضاحت طلب کی ہے۔چیف جسٹس لاہور نے ریمارکس دیے کہ آپ کے محکمے نے اس کیس میں نامکمل رپورٹ پیش کی ہے، نامکمل رپورٹ پیش کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟ آپ کو بلانا چھوڑ دیا تو آپ نے یہ رویہ رکھا؟چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پولیس افسران کے رویے کو انتہائی غیر ذمے دارانہ قرار دیا ہے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پولیس درخواست گزار اور اس کے اہلِ خانہ کو تنگ یا ہراساں نہیں کر رہی۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود تھانہ اچھرہ کی پولیس مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو تنگ اور ہراساں کر رہی ہے، درخواست گزار نے سی سی پی او کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی استدعا کی ہے۔