سرکاری وسائل استعمال کرنے والوں کو شرمندہ ہونا چاہیے:خواجہ آصف

وفاق کے خلاف بغاوت اور سرکاری وسائل کے استعمال پر دوہرا معیار ناقابلِ قبول ہے: ایکس پر بیان
اسلام آباد ( آن لائن)  وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے وفاق کے خلاف بغاوت اور دارالحکومت پر حملہ آور ہونے کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرنے والوں کو اپنی منافقت پر شرمندہ ہونا چاہیے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے بیان میںخواجہ آصف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وفاق پر چڑھائی کے لیے سرکاری ملازمین، مشینری، سرکاری جہاز اور ملکی خزانہ استعمال کرنا تو "عین حلال اور جائز" سمجھا جاتا ہے، لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرکاری جہاز کا باقاعدہ کرایہ ادا کر کے اسے استعمال کرنا ناقدین کی نظر میں ناجائز بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ایک فریق دارالحکومت پر حملہ آور ہونے کے لیے پورے صوبے کے وسائل بے دریغ جھونک رہا ہے، جبکہ دوسری طرف قانون کے مطابق جہاز کے استعمال کا باقاعدہ کرایہ ادا کیا گیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے اخلاقی معیار اب گٹر میں گر چکے ہیں، جہاں سیاسی مخالفت میں اصولوں کو بالکل پسِ پشت ڈال دیا جاتا ہے۔